جبل پور، 7/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی ) مدھیہ پردیش کے جبل پور میں سومناتھ ایکسپریس کے دو ڈبے پٹرے سے اُترنے کی واردات پیش آئی ہے، میڈیا رپورٹوں کے مطابق ٹرین اندور سے جبل پور آرہی تھی کہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ہی ٹرین کے دو ڈبے پٹری سے اُترگئے۔ ریلوے افسران کا کہنا ہے کہ ٹرین چونکہ اسٹیشن کے قریب پہنچ گئی تھی، اس لئے اس کی رفتار کافی دھیمی تھی، جس کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا، اگر رفتار تیز ہوتی تو حادثہ کافی بڑا ہو سکتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اندور سے جبل پور کے درمیان چلنے والی اوور نائٹ ایکسپریس کے ساتھ یہ حادثہ صبح تقریباً 5.50 بجے پیش آیا۔ ٹرین کے ڈبے پٹری سے اترتے ہی مسافروں میں افراتفری مچ گئی، فوری طور پر سبھی مسافروں کو ٹرین سے اتارا گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر ریلوے کے اعلیٰ افسران اور ملازمین پہنچ گئے اور راحت و بچاؤ کام شروع کر دیا۔
بتایا جاتا ہے کہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا ٹرین 5 کیلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل رہی تھی اور پلیٹ فارم سے کچھ کیلومیٹر ہی دور تھی جس کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔ حادثہ کی وجہ کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ افسران نے اس معاملے کی جانچ کرانے کی بات کہی ہے۔ حادثہ کے بعد ریلوے ملازمین پٹری ٹھیک کرکے آمد و رفت بحال کرنے میں لگ گئے۔ اس دوران ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔
ٹرین حادثہ کے سلسلے میں ایک مسافر نے بتایا کہ وہ کوچ پر آرام کر رہا تھا اسی دوران کچھ اس طرح کے جھٹکے لگے کہ جیسے بہت تیزی سے بریک لگا ہو۔ جب تک کچھ سمجھ میں آتا، تب تک ٹرین کھڑی ہوچکی تھی۔ حالانکہ کچھ دیر کے لیے ایسا بھی لگا کہ جیسے کوئی حادثہ ہوگیا ہے۔ اس کے بعد ٹرین کافی دیر تک کھڑی رہی۔ جب کوچ سے نیچے اتر کر باہر دیکھا تو اے سی کوچ کے دو ڈبے پٹری سے اترے ہوئے تھے۔